برلن(نیوزڈیسک)ایک جرمن عدالت نے مختلف کاروباری ویب سائٹس پر فیس بک کے ’لائک‘ بٹن کی موجودگی کو جرمنی میں تحفظ صارفین کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق جرمن شہر ڈسلڈورف کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہاکہ ملبوسات کے ایک بڑے کاروباری ادارے ’پیک اینڈ کلوپن برگ‘ کی ویب سائٹ پر فیس بک کے لائک بٹن کی موجودگی جرمنی میں صارفین کے نجی کوائف کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلے میں عدالت میں دائر کردہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ متعدد ای کامرس ویب سائٹس فیس بک سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار صارفین کو بتائے بغیر استعمال کرتی ہیں۔