لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کے ہونہار طلبا و طالبات نے ڈیزائننگ اور اختراع کے بین الاقوامی مقابلے میں اول اور دوم پوزیشن حاصل کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔لاہور میں فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف نیو اینڈ ایمرجنگ سائنسز FAST۔NUCES میں سالِ آخر کے طالب علموں نے ’’ڈو اٹ یورسیلف‘‘ یعنی خود سے بنائے جانے والے 2 پروجیکٹ تیار کیے جو عالمی مقابلے میں پیش کیے گئے جس میں 200 کے قریب پروجیکٹ، ڈیزائن اور اختراعات شامل تھیں تاہم پاکستانی طالب علموں کو ان کی شاندار کاوشوں اور محنت کے نتیجے میں بالترتیب پہلے اور دوسرے انعام سے نوازا گیا۔طالب علموں کا پہلا پروجیکٹ ایکو سینس، وائرلیس سینسر اور ایکچوایٹر نیٹ ورک ہے جسے پہلا انعام دیا گیا جب کہ دوسرا انعام ’بال بوٹ‘ کو ملا جس میں ایک چھوٹا روبوٹ از خود انداز میں گیند کے اوپر توازن برقرار رکھتا ہے۔