ماسکو(نیوزڈیسک) ماسکو کے رہائشی پہلے ہی ہوٹلوں اور میٹرو سسٹم میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن اب شہری انتظامیہ نے اب تاریخی اور بڑے قبرستانوں میں یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔یہ مفت سروس قبرستانوں میں فراہم ہوگی جہاں، ملک کی کئی مشہور شخصیات مثلاً مصنف انٹون شیکوو، سویت رہنما نکیتا خروشیو اور روس کے پہلے صدر بورس یلسن دفن ہیں۔ماسکو میں قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے والی سروس ’ریچوئل‘ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ قبرستان اوپن ایئر عجائب گھروں جیسے ہیں۔ ’یہاں آنے والے اکثر لوگ قبر کے سامنے کھڑے ہو کر یہ جاننا چاہتےہیں کہ اس میں کون دفن ہے‘۔منتخب قبرستانوں میں مفت سروس کامیاب ہونے کی صورت میں اسے شہر کے تمام 133 قبرستانوں تک پھیلا دیا جائے گا۔ماسکو شہر کی ویب سائٹ کے مطابق ہر سال شہر کے قبرستانوں میں تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار لوگوں کو دفن کیا جاتا ہے اور یہاں تقریباً اسی لاکھ قبریں ہیں۔ماسکو نے اکتوبر میں قبرستانوں کے پلاٹ فروخت کرنے کیلئے آن لائن سروس بھی شروع کی تھی۔