واشنگٹن(نیوز ڈیسک )سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے آئندہ دنوں فیس بک میں ایک نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین لائیو سٹریم ویڈیوز بھی فیس بک پر شیئرکرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق فیس بک کے اس نئے فیچر کو آغاز میں نامور اور مشہور شخصیات چند ماہ کے لیے استعمال کریں گی جس کے بعد اس سہولت کو دنیا بھر میں فراہم کیا جائے گا۔ موبائل فونز کے ذریعے لائیو سٹریمنگ، ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے بڑا انقلاب تھا جن میں ٹوئٹر پر پیری سکوپ اور میرکیٹ جیسے فیچرزکافی مشہور رہے جبکہ گذشتہ سال ایمزون نے لائیو سٹریمینگ گیم ویب سائٹ ’توئچ‘ کے لیے ایک ارب ڈالر خرچ کیے۔ فیس بک کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آغاز میں فیس بک کا لائیو ویڈیو فیچر امریکہ میں محدود لوگ صرف آئی فونز پر ہی استعمال کر یںگے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس فیچر کو تمام صارفین استعمال کر سکیں گے۔ فیس بک کے ایک بلاگ کے ذریعے اس فیچر کو متعارف کروانے کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے فیس بک کا کہنا تھا کہ اس فیچر کے ذریعے آپ اپنے پیاروں کو ہر وقت اپنے سامنے دیکھ اور اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں گے۔ فیس بک لائیو سٹریمنگ فیچر کے ذریعے بنائی گئی ویڈیو زصارف کی ٹائم لائن پر محفوظ رہے گی جب تک صارف اسے خود ہٹا نہ دیں۔