نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارتی ہیکرز نے ممبئی حملوں کے 7 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی ہائی پروفائل حکومتی ویب سائٹ سمیت 125مختلف ویب سائٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے ممبئی حملوں کا بدلہ قرار دیدیا ۔ بھارتی اخبار’’ دی ہندو‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ہیکرز کے’’ٹیم انڈیا بلیک ہیٹس‘‘ نامی گروپ نے پاکستان کی ہائی پروفائل حکومتی ویب سائٹ سمیت دیگر متعدد ویب سائٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بھارتی ہیکرز نے پاکستانی ویب سائٹس ہیک کرنے کے بعدبھارتی نغمے کے بیک گراؤنڈ میوزک کے ساتھ ممبئی حملوں میں مارے جانے والوں کی تصاویر پوسٹ کی ہیں اور پیغام چھوڑ ا ہے کہ ’’تمیں اس کی قیمت چکانی پڑے گاـ‘‘۔دریں اثناء آئی بی ٹائمز انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہیکرز کے’’کیرالہ سائبر واریرز(کے سی ڈبلیو)نامی ایک اور گروپ نے بھی پاکستانی ویب سائٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ہیکرز کا دعویٰ ہے کہ یہ ممبئی حملوں کاپاکستان سے سائبر حملوں کے ذریعے بدلہ ہے ۔ ہمیں ان تمام 125 ویب سائٹس کو ہیک کرنے میں صرف ایک دن لگا ۔ہیکرز کی جانب سے ان سائبر حملوں کو 2008 کے ممبئی حملوں کی ساتویں سالگرہ سے منسوب کیا گیا ہے