اسلام آباد(نیوزڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کے لیے ایک زبردست فیچر متعارف کراتے ہوئے انہیں ورچوئل رئیلٹی کا مزہ اپنی ڈیوائسز پر لینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ فیس بک کی جانب سے آج360 ڈگری ویڈیوز کا فیچر نیوز فیڈ پر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فیچر سب سے پہلے اینڈرائیڈ اور ویب صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس سے وہ اسکرین کو ٹچ کرکے ، اپنا فون گھما کر یا ویب پر ماﺅس کے کرسل کے ذریعے ویڈیو کو 360 ڈگری تک گھما سکیں گے۔ فیس بک کی جانب سے یہ بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ وہ نیوزفیڈ کو ٹو ڈی ٹیکنالوجی میں بدلنے پر کام کررہی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق ابھی اسٹار وارز، ڈسکوری چینیل اور دیگر اداروں کی جانب سے نئی 360 ویڈیوز فیس بک پر شیئر کی جارہی ہیں جنھیں صارفین ایک دوسرے سے شیئر کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ویڈیوز بنانے کے شوقین افراد بھی آنے والے دنوں میں اس فیچر کے ذریعے اپنی 360 ویڈیوز فیس بک پر اپ لوڈ کرکے شیئر کرسکیں گے۔