اسلام آباد(نیوزڈیسک )پاکستان کے ہونہار سپوت دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں، ایسے ہی باصلاحیت پاکستانیوں کی فہرست میں ماسٹر میرینر نذرالاسلام کا نام بھی شامل ہے، جو دنیا کے سب سے بڑے اور ماحول دوست کارگو شپ ایم وی برزان کے کپتان ہیں۔چار سو میٹر لمبا 18,800 ٹی ای یو گنجائش والا دنیا کا سب سے بڑا مال برداربحری جہاز ایم وی برزان، یونائیٹڈ عرب شپنگ کمپنی کا کارگو شپ ایک اور اعزاز کاحامل ہےِ، توانائی بچانے کے نظام کے باعث ایم وی برزان کو دنیا کے سب سے زیادہ ماحول دوست مال بردار جہاز ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ایکو فرینڈلی سسٹم کے باعث جہاز سے کاربن ڈائی آکسائیڈ سمیت دیگر مضر صحت گیسوں کا اخراج نہ ہونے کے برابر ہے، جہاز ایندھن کی مزید بچت کیلئے ایل این جی کے ذریعے بھی سمندر کی لہروں پر سفر کر سکتا ہے۔ غیر معمولی خصوصیات کا حامل یہ جہاز متحدہ عرب امارات کی شپنگ کمپنی کا حصہ ہے اور اسے جنوبی کوریا کی کمپنی نے بنایا ہے۔اس کی کمان پاکستانی کے ہاتھ میں ہے، جہاز کے کپتان کراچی سے تعلق رکھنے والے ماسٹرمیرینر نذرالاسلام نے تیاری کے تمام مراحل کی نگرانی کی ذمہ داری بھی نبھائی۔نذارالاسلام اس سے قبل بھی کئی دیگر بڑے بحری جہازوں کی کپتانی بھی کرچکے ہیں۔اس دوران سمندر میں پھنسے ہوئے افراد کی مدد اور ایک جہاز کا نام رکھنے کی تقریب میں مہمانوں کو آب زم زم پیش کر کے وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے، اس بار وہ اکیلے نہیں، ان کے ساتھ ایک اور پاکستانی تھرڈ آفیسر محمد تیمور اقبال بھی پاکستان کانام روشن کر رہے ہیں۔