اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے طلبا کو اب دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی،
کیونکہ یکم جنوری 2027 سے سرٹیفکیٹس کی ویریفکیشن کا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی) نے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت طلبا گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے، جبکہ تصدیقی کارروائی مکمل ہونے پر متعلقہ دستاویزات ڈیجیٹل طور پر ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔اس نئے اقدام سے ملک کے 29 تعلیمی بورڈز سے وابستہ لاکھوں طلبا مستفید ہوں گے۔
خاص طور پر وہ طلبا جنہیں یونیورسٹیوں میں داخلے، بیرون ملک تعلیم، ملازمت یا دیگر سرکاری و نجی معاملات کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق درکار ہوتی ہے، ان کے لیے یہ سہولت مددگار ثابت ہوگی۔آن لائن ویریفکیشن کا نظام متعارف ہونے سے طلبا کا وقت اور سفری اخراجات بچیں گے، جبکہ تصدیق کے لیے روایتی دفتری کارروائیوں پر انحصار بھی کم ہوجائے گا۔ یکم جنوری 2027 سے اس سہولت کے باقاعدہ آغاز کے بعد تعلیمی اسناد کی تصدیق گھر بیٹھے ڈیجیٹل طریقے سے کروانا ممکن ہوگا۔



















































