اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) بھارت کی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت میں شادی کی تقریب اس وقت تنازع کا شکار ہوگئی
جب دلہے نے مبینہ طور پر پسندیدہ گاڑی نہ ملنے پر شادی کی رسومات ادا کرنے سے انکار کردیا اور اپنے اہلخانہ کے ہمراہ تقریب ادھوری چھوڑ کر واپس چلا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 20 نومبر کو سونی پت کے علاقے مام چند واٹیکا میں پیش آیا۔ دلہن کے والد سبھاش کمار نے الزام لگایا کہ دہلی پولیس میں ملازمت کرنے والے دولہے کلدیپ نے پہلے سے طے شدہ ہونڈائی اورا گاڑی کے بجائے تقریباً 13 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی ماروتی بریزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔سبھاش کمار کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے دولہے کو دینے کی غرض سے تقریباً ساڑھے 9 لاکھ روپے کی گاڑی پہلے ہی بک کروا دی تھی، لیکن شادی سے ایک دن قبل انہیں معلوم ہوا کہ کلدیپ اس گاڑی سے خوش نہیں اور اب بریزا کا خواہشمند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ نے پہلی گاڑی کی بکنگ ختم کرکے نئی گاڑی کا بندوبست کرنے کی کوشش کی، مگر وقت کم ہونے کی وجہ سے یہ انتظام ممکن نہ ہوسکا۔دلہن کے والد نے مزید الزام عائد کیا کہ گاڑی کے علاوہ لڑکے والوں نے سونے اور چاندی کے زیورات بھی مانگے تھے۔ ان مطالبات میں دولہے کے لیے دو تولے کی سونے کی چین، اس کی والدہ کے لیے چار تولے کی بالیاں اور چاندی کی پازیب شامل تھیں۔ مبینہ طور پر دولہے کے بڑے بھائی اور بھابھی کے لیے بھی زیورات طلب کیے گئے تھے۔سبھاش کمار کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کی تیاریوں پر تقریباً 25 سے 30 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے تھے، جبکہ فرنیچر کی خریداری پر ایک لاکھ 32 ہزار روپے کی رقم صرف ہوئی۔ اس کے علاوہ تقریب میں تقریباً 1200 مہمانوں کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔شکایت کے مطابق شادی والے دن دولہا بارات کے ساتھ آنے کے بجائے اپنی والدہ کے ہمراہ عام لباس میں تقریب کے مقام پر پہنچا اور سب سے پہلے بریزا گاڑی کے بارے میں پوچھا۔
جب اسے بتایا گیا کہ گاڑی کا انتظام نہیں ہوسکا تو دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔دلہن کے والد نے دعویٰ کیا کہ اس دوران دولہے نے ان کے اہلخانہ کے ساتھ بدتمیزی کی اور دلہن کے بھائی ساحل سے بھی جھگڑا کیا۔ وہاں موجود رشتہ داروں نے دولہے اور اس کی والدہ کو شادی کی رسومات مکمل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنی بات پر قائم رہے اور واپس روانہ ہوگئے۔دوسری جانب دلہن عروسی لباس میں منڈپ پر دولہے کی منتظر رہی، لیکن وہ شادی کے لیے واپس نہیں آیا۔ واقعے کے بعد دونوں خاندانوں نے پولیس ہیلپ لائن 112 پر اطلاع دی، جبکہ دلہن کے والد نے تھانے میں تحریری درخواست جمع کروا کر دولہے اور اس کے اہلخانہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



















































