راولپنڈی( این این آئی)راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹرٹو کے گھر میں فائرنگ سے اینکر پرسن ربیعہ احسن جاں بحق ہوگئی۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق اینکر پرسن ربیعہ احسن کی لاش بیڈ روم سے ملی، گولی گردن کے نیچے لگی، پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ربیعہ احسن کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ربیعہ احسن کے شوہر احسن نے پولیس کو ابتدائی بیان دیدیا، ابتدائی تفتیش میں احسن نے بتایا کہ گولی حادثاتی طور پر چلی جو ربیعہ کولگ گئی، مجھے پتہ بھی نہیں تھا کہ پستول لوڈ ہے۔
ذرائع کے مطابق احسن اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن میں 18ویں گریڈ کا افسر ہے۔ ربیعہ احسن کی ایک بیٹی کی عمر 13اور دوسری11سال کی ہے۔وقوعہ کے وقت ربیعہ کی ماں اور بہنیں بھی گھر پر تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والا پستول بھی غیر قانونی ہے۔



















































