لاہور (این این آئی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے )نے لاہور ٹائون شپ بلاک ون میں مجاز عدالت کے سرچ وارنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے
ایک غیر قانونی کال سینٹر بے نقاب کر دیا اور 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق ملزمان خود کو بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کر کے برطانوی شہریوں کو مالی فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔تحقیقات کے مطابق طیب طارق اور آمنہ طارق کو غیر قانونی کال سینٹر کے اہم منتظمین اور مالکان کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
چھاپے کے دوران 28لیپ ٹاپ، 10ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، 15موبائل فونز سمیت 53ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے برطانوی شہریوں کو کی جانے والی کالز کا ڈیٹا اور ڈائل اپ سافٹ ویئر بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ سائبر فراڈ میں ملوث غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔



















































