اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی عالمی سطح پر معیارِ زندگی کے حوالے سے جاری ہونے والی تازہ درجہ بندی میں نچلے درجوں میں شامل ہوگیا۔
اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی 2026 کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 173 شہروں کی فہرست میں کراچی کو 170 ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ فہرست میں کراچی سے نیچے ڈھاکا، دمشق اور طرابلس موجود ہیں۔رپورٹ میں شہری زندگی کے معیار کا جائزہ مختلف بنیادی شعبوں کی بنیاد پر لیا گیا، جن میں سیکیورٹی، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور شہری سہولیات شامل ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی شہر میں جدید عمارتوں کی موجودگی کے ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی شہریوں کے معیارِ زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کوپن ہیگن، ویانا اور ملبورن ان شہروں میں شامل ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ دوسری جانب مسقط، کویت سٹی، عمان اور مناما کی درجہ بندی میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کی فہرست میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15 شہروں میں چین کے 10 شہر بھی شامل ہیں، جو شہری سہولیات اور معیارِ زندگی کے مختلف اشاریوں میں نمایاں رہے۔



















































