اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے لانگ مارچ کے اخراجات میں معاونت کیلئے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ میں 50 لاکھ روپے سہیل آفریدی کے حوالے کریں گے، جس رقم سے لانگ مارچ کے انتظامات اور دیگر ضروری اخراجات پورے کیے جائیں گے۔علی امین گنڈاپور کے مطابق مارچ میں ان کے قافلے کے ساتھ شریک ہونے والے افراد کے اخراجات بھی وہ اپنی جانب سے برداشت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کیلئے گاڑیوں کے انتظام میں مشکلات پیش آرہی ہیں، تاہم اس مسئلے کے حل کیلئے بھی مالی وسائل کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے مالکان کو شورٹی کی مد میں فی گاڑی 15 لاکھ روپے جمع کرائے گئے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں مجموعی طور پر 3 کروڑ روپے تک کی شورٹی بھی فراہم کی جاچکی ہے۔ان کے مطابق لانگ مارچ میں شریک کارکنوں اور دیگر افراد کیلئے ٹرانسپورٹ سمیت ضروری سہولیات کی فراہمی کے انتظامات جاری ہیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔



















































