نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش سے ایک دل دہلا دینے والا قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ریٹائرڈ ریلوے ملازم نے اپنی 35 سالہ مبینہ گرل فرینڈ کو قتل کر کے لاش صندوق میں ڈال کر جلا دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت رام سنگھ پریہار کے نام سے ہوئی ہے جو دو شادیاں کر چکا تھا جبکہ مقتولہ پریتی کے ساتھ بھی مبینہ طور پر تعلقات تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پریتی مبینہ طور پر ملزم سے بڑی رقم کا مطالبہ کر رہی تھی اور پہلے ہی لاکھوں روپے لے چکی تھی جس پر دونوں کے درمیان تنازع بڑھ گیا اور ملزم نے اسے قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے لاش کو پہلے ترپال میں لپیٹا اور پھر لوہے کے صندوق میں رکھ کر جلا دیا، بعدازاں ملزم نے صندوق میں بچنے والی راکھ کو دریا میں بہا دیا۔پولیس کے مطابق پریتی کی لاش سے بچ جانے والی کچھ ہڈیاں اور جلی ہوئی باقیات صندوق میں رہ گئی تھیں جنہیں برآمد کر لیا گیا ہے۔















































