اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 14 سے 18 اپریل کے دوران ملک کے جنوبی حصوں، جن میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان شامل ہیں، میں گرمی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہ سکتا ہے۔ادھر ملک کے شمالی اور وسطی خطوں، جن میں بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں، میں بھی درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری تک معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کے روز ملک کے زیادہ تر حصے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور زیادہ دیر تک براہِ راست سورج کی روشنی میں رہنے سے گریز کریں۔