اسلام آباد(این این آئی)سواں گارڈن کے علاقے میں گھریلو ملازم نے دو خواتین کو قتل اور تیسری خاتون کو زخمی کردیا اور جائے وقوع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں درج ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ سائرہ روہی نے مؤقف اپنایا ہے کہ کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئی ہوئی تھیں واپس آئیں تو مالک مکان کا ملازم نے حملہ کیا جو نیچے والے پورشن میں رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے چیخنے پر وہ گھر سے فرار ہوگیا بعد میں ہم نے گھر میں دیکھا تو میری والدہ اور ایک کزن کی لاشیں بیڈروم میں پڑی ہوئی تھیں۔پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیں اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور خواتین کے لرزہ خیز قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے، جس میں ملزم کو قتل کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔