اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا میں ان دنوں موسم کی خشکی برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ جنوبی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کا احساس ہوگا۔
تاہم چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔گزشتہ روز پشاور کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت معتدل رہا۔ دیر بالا، چترال اور پاراچنار میں 10 ڈگری، کالام میں 7، دیو لوئر میں 11، مالم جبہ میں 12 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں چند علاقوں میں موسم کی صورت حال میں معمولی تبدیلی متوقع ہے، جس سے بارش کے امکانات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔