راجووال (این این آئی )شوہر نے بیوی کو قتل کر کے خود کشی کر لی،کمرے سے لاشیں برآمد،تحقیقا ت جاری۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے رہائشی شہزاد کی شادی حجرہ شاہ مقیم کے محلہ اسماعیل پورہ کی ناہید بی بی سے ہوئی جن کی ایک چار سالہ بیٹی ماہ نور تھی جو لاہور میں اپنے باپ کے پاس تھی جبکہ ناہید بی بی اپنے میکے آئی ہو ئی تھی،گزشتہ روز شہزاد اپنی اہلیہ ناہید بی بی کو اپنے ساتھ لے جانے کے لئے لاہور سے اپنے سسرال حجرہ شاہ مقیم آیاجہاں دونوں میاں بیوی میں تلخ کلامی شدید جھگڑے کی نوعیت اختیار کر گئی،
اہل خانہ نے جھڑایا تو دونوں لڑتے ہوئے کمرے میں چلے گئے اندر سے دروازہ بند کر لیا،ورثاء اور اہل محلہ کے مطابق فائرنگ کی آوازیں آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو سامنے بیڈ پر میاں بیوی کی لاشیں پڑی تھیں،پولیس کے مطابق شواہد بتاتے ہیں کہ شہزاد نے پہلے اپنی بیوی ناہید بی بی کو گولیاں مار کر قتل کیا پھر خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ،لاشیں ہسپتال منتقل کر کے پولیس مصروف تفتیش ہے۔