اسلام آباد(این این آئی)پاکستانی سفارتکار کو امریکہ میں داخلے سے روکنے کے معاملے پر وزارت خارجہ کی وضاحت آگئی۔ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتکارنجی دورے پر امریکا گئے تھے، وزارت خارجہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے سینئر پاکستانی سفارتکار کو نجی دورے کیلئے ملک میں داخلے سے روک دیا، سینئر سفارتکار احسن وگن اس وقت وسط ایشائی ملک میں پاکستان کے سفیر تعینات ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترکمانستان میں پاکستانی سفیر احسن وگن نجی دورے پرلاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچیتھے، امریکی امیگریشن حکام نے سفارتکار کو امریکا داخلے سے روک دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے احسن وگن پرامریکا میں تعیناتی کے دوران انتظامی بدعنوانی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ ان شکایات کی بنیاد پر پاکستانی سفارتکار کو امریکا میں داخلے سے روکا گیا، سفارتی ذرائع کے مطابق سینیئر سفارتکار کو روکنے کے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔