ریاض(این این آئی)حج 2025 کے سیزن کے لیے بچوں کو ساتھ لے جانے سے متعلق سعودی وزارت حج و عمرہ کا اہم اعلان سامنے آیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایاکہ سعودی عرب نے 2025 کے حج سیزن کے دوران بچوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد بچوں کو ہر سال ہونے والے رش سے منسلک خطرات سے محفوظ کرنا ہے۔ وزارت نے کہا کہ یہ فیصلہ بچوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے اور زیارات کے دوران انہیں کسی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس بھی حج میں شرکت کیلئے ترجیح ہمیشہ کی طرح ان لوگوں کو دی جائے گی جو پہلی بار حج کریں گے۔نسک ایپ اور آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے سعودی شہریوں اور رہائشیوں کے لیے 2025 حج سیزن کے لیے رجسٹریشن باضابطہ طور پر کھول دی گئی ہے۔حجاج کو اپنی معلومات کی توثیق کرنے، ساتھیوں کو شامل کرنے، اور مستثنی کے لیے کوئی بھی درخواست جمع کروانے کی ضرورت ہے۔