اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکانمحکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد حصوں میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی ٹھنڈ کا زور برقرار رہے گا۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب، لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث یہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس 241 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔