لاہور( این این آئی)لاہور سے دبئی جانے والے پاکستانیوں کے ویزے مسترد ہونے کی شرح 99 فیصد تک پہنچ گئی،وزٹ ویزہ کیلئے ایک ملین کی سٹیٹمنٹ اور کنفرم ٹکٹ کی شرط لاگو کر دی گئی۔ممبر ایگزیکٹو بورڈ ٹریول ایجنٹس صادق صابر کے مطابق لاہور سے روزانہ 2 ہزار تک ویزہ کی درخواستیں دی جا رہی ہیں، لیکن سکیورٹی کے نام پر 99 فیصد درخواستیں مسترد ہو جاتی ہیں جس کے نتیجے میں درخواست گزار کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ویزہ مسترد ہونے پر درخواست دہندہ کو 1500 سے 2000 درہم تک کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ویزہ فیس اور ہوٹل بکنگ کی فیس بھی ضائع ہو جاتی ہے۔صادق صابر نے وزارت خارجہ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں اور پاکستانی شہریوں کی مشکلات کا حل نکالیں۔