گھوٹکی(این این آئی) شادی سے انکار پر خاتون ڈاکٹر کا نوجوان پر بہیمانہ تشدد، زبان کاٹ دی۔سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں شادی سے انکار کرنے پر 50 سالہ خاتون ڈاکٹر نے نوجوان پر بہیمانہ تشدد کیا اور زبان کاٹ کر آنکھیں زخمی کر دیں۔خاتون ڈاکٹر کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کی خون میں لت پت تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنیں جبکہ معاملہ علم میں آنے پر ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو نے نوٹس لیا اور ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ادھر، خاتون ڈاکٹر خود تھانے پہنچ گئیں اور نوجوان پر خود کو ہرساں اور بلیک میلنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔پولیس کے مطابق نوجوان اور خاتون ڈاکٹر میں دوستی تھی، جب لڑکے نے شادی سے انکار کیا تو دونوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے بعد لڑکا مسلسل ملزمہ کو بلیک میل کرتا رہا۔خاتون ڈاکٹر نے موقف پیش کیا کہ دوستی اور تعلقات کے بعد لڑکا تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے دھمکیاں دیتا تھا۔ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ دونوں فریقین کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔پولیس نے خاتون ڈاکٹر کی درخواست پر بھی مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور انصاف یقینی بنایا جائے گا۔