ابوجہ(این این آئی )نائجر میں غلط اعداد و شمار اور جعلی خبروں پر بی بی سی پر پابندی لگا دی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجر حکومت نے الزام عائد کیا کہ بی بی سی اور آر ایف آئی نے رپورٹ نشر کی تھی کہ عسکریت پسندوں نے مغربی تیرا کے علاقے میں 90 فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
ان دونوں خبر رساں اداروں نے ہلاکتوں کے اعداد و شمار کی کسی آزاد مقامی تصدیق کے بغیر، صرف مغربی سیکورٹی ذرائع کا حوالہ دیکر خبر نشر کی۔فوجی حکومت کا کہنا تھا کہ فوجیوں کی ہلاکتوں کو بڑھا چڑھا کر پھیلانے سے عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے والے سپاہیوں کے حوصلے پست ہوسکتے ہیں۔نائجر میں گزشتہ برس فوج اور مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں 1500 اہلکار اور شہری ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 2022 میں یہ تعداد 650 تھی۔