ٹنڈوجام(این این آئی)ٹنڈو جام میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے فنکارہ مہندی کی ہلاکت کے مقدمے کے نامزد ملزم دلہا جمال سپیو کو گرفتار کر لیا گیاہے۔پولیس کے مطابق ٹنڈو جام کے گوٹھ نصیر خان سپیو میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے دوران 22 سالہ مہندی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی تھی۔خاتون 29 نومبر کو دورانِ علاج سول اسپتال حیدرآباد میں دم توڑ گئی تھی جس کے بعد پولیس نے دلہا جمال پسیو اور ان کے بھائی جلال ظفر سمیت دیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی تھی۔
ایس ایچ او ٹنڈو جام کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ شادی کی تقریب میں مقتولہ مہندی، اس کی چچی و دیگر کو پرفارمنس کے لیے بلایا گیا تھا، تقریب میں دلہا اور اس کے بھائیوں نے ہوائی فائرنگ کی جس پر مقتولہ اور اس کی چچی نے پرفارم کرنے سے انکار کیا تو زبردستی پروگرام شروع کروایا گیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ملزم نے فائرنگ کی جس سے دلہا کا بھائی جلال اور مہندی زخمی ہو گئے، زخمی مہندی کو سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ جمعے کی صبح دم توڑ گئی تھی۔