اسلام آباد (این این آئی)ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے اسلام آباد میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے ایک بیان میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان پر عائد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ پر عائد کیے گئے الزامات صحافیوں کے خلاف ایک نیا طریقہ واردات ہے، سینئرصحافی مطیع اللہ جان کو ساتھی صحافی ثاقب بشیرکے ہمراہ پمزاسپتال سے حراست میں لیا گیا، ثاقب بشیر کو کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا، تاہم مطیع اللہ کو نہیں چھوڑا گیا۔ مطیع اللہ کومارگلہ پولیس اسٹیشن منتقل کر کے ایک مقدمے میں اْن کی گرفتاری ڈالی گئی۔پی ایف یو جے نے اپنے اعلامیہ میں خبردار کیا کہ مطیع اللہ جان کو رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا، پی ایف یو جے واقعے کی فوری اور غیرجانبدارنہ تحقیقات کامطالبہ کرتی ہے۔