اسلام آباد (این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) کے عملے کو زدوکوب کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اختر مینگل سمیت بی این پی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی این پی کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) سینیٹ کے جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد کی مدعیت میں درج کی گئی۔اختر مینگل اور ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی سمیت 7 دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں الزام ہے کہ سربراہ بی این پی اور ان کے ساتھیوں نے سینیٹ کے اسٹاف کو زد و کوب کیا۔اس میں مزید الزام لگایا گیا کہ اختر مینگل اور ان کے ساتھی پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوئے جبکہ ان افراد کے پاس اسلحہ بھی تھا۔ایف آئی آر میں درخواست کی گئی ہے کہ مذکورہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔