لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی نئی پالیسی کے تحت دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا ۔حکومت کے احکامات کے بعد عملدرآمد کیلئے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے مراسلہ جاری کردیا، جس کے مطابق 24جولائی سے پنجاب بھر میں فیملی کلیم پر بھرتی ہونے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا جبکہ آئی جی آفس نے تمام ضلعی ویونٹس افسران کو 24جولائی کے بھرتی کئے گئے ملازمین کے احکامات منسوخ کرکے رپورٹ بھجوانے کاحکم دیدیا ہے ۔
مراسلے میں کہا گہا ہے کہ 24جولائی کے بعد بھرتی ہونے والوں کی تفصیلات پرفارمہ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ برانچ کو بھجوائی جائیں۔منسوخ کئے گئے احکامات کی جانچ پڑتال کیلئے نام اور ولدیت تاریخ بھرتی پرفارمہ کے مطابق بھجوائے جائیں۔ پولیس حکام کے مطابق ہر سال سینکڑوں ملازمین کی وفات کے بعد ان کے بچوں کونوکری دی جاتی تھی،آئندہ حکومتی پالیسی کومدنظر رکھتے ہوئے فیملی کلیم پربھرتیاں نہیں ہوسکیں گی۔