اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں ترکیہ کی کمپنی کی دستاویز اور بولی کو تکنیکی طور پر منظورکرلیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں حکومت کو بڑی کامیابی ملی ہے جس میں ترکیہ کی کمپنی کی دستاویز اور بولی تکنیکی طور پر منظورکرلی گئی ، ائیرپورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے بڈ بھی پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی ہیڈکوارٹرزکراچی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ترکیہ کی کمپنی کی دستاویز کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے، آئوٹ سورسنگ کے لیے ترکیہ کمپنی کی پیشکش کو پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور بورڈ کی منظوری ملنے پرترکیہ کی کمپنی کو اسلام آباد ائیرپورٹ آؤٹ سورسنگ پر حوالے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے ٹینڈر کے عمل کی وفاقی کابینہ سے منظوری بھی لی جائے گی اور اس متعلق سیکرٹری ایوی ایشن احسن منگی وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دو کمپنیوں کے نمائندوں کے تاخیر سے آنے پر انہیں تکنیکی آؤٹ کردیا گیا جس کے بعد ترکیہ کی کمپنی نے اسلام آباد ائیرپورٹ کے لیے سب سے زیادہ بولی دی، ٹینڈر کی منظوری کا عمل سیکریٹری ایوی ایشن کی نگرانی میں جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت اسلام آباد ائیرپورٹ کے بعد کراچی اور لاہور ائیرپورٹس کو بھی آؤٹ سورس کرنے ارادہ رکھتی ہے۔