پشاور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزید تجربات نہیں ہونے چاہیں جب کہ آئینی عدالتوں کا کوئی جواز نہیں، سپریم کورٹ کو مضبوط کریں۔بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جلسے کے لیے این او سی حاصل کیا لیکن یہ کوئی فلم شو نہیں کہ وقت دیا جاتا ہے، البتہ ہم نے پھر بھی جلسہ مقررہ وقت پر ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے میں پنجاب اور سندھ کی قیادت پہنچ گئی تھی تاہم خیبرپختونخوا کی قیادت اس لیے نہ پہنچ سکی کہ راستے بند تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑی ہے۔حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ترامیم اپنے لیے ہی کی جارہی ہیں، ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ سختیاں ختم ہوں گی تو معاملات آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر مقبول ترین پارٹی کو اسپیس نہیں دیں گے تو غیرسیاسی قوتوں کو فائدہ ہوگا، پاکستان میں مزید تجربات نہیں ہونی چاہیں۔