اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے وفاقی سرکاری ملازمین کے زیر تعلیم بچوں کیلئے وظائف کے اجرا کا اعلان کر دیا ۔جاری سرکلر کے مطابق گریڈ ایک سے گریڈ 22تک کے وفاقی سرکاری ملازمین کے زیر تعلیم بچوں کو مالی سال2024-25کے دوران کلاس پنجم سے یہ وظائف دیئے جائیں گے۔سرکلر کے مطابق گریڈ 1سے 4تک کے ملازمین کے بچوں کو پانچویں جماعت سے ، گریڈ 5سے 16تک کے ملازمین کے بچوں کو جماعت ششم سے جبکہ گریڈ 17سے 22تک کے ملازمین کے بچوں کو گیارویں جماعت سے یہ وظائف دیئے جائیں گے جبکہ حفظ اور میرٹ پر گریڈ 1سے 22تک کے ملازمین کے بچے ان وظائف کیلئے اہل ہوں گے۔
سرکلر کے مطابق2023-24دوران 20سال سے کم عمرقرآن حفظ کرنے والے بچوں کو کیش ایوارڈ دیا جائے گا اسی طرح وفاقی ملازمین کے 80فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو بھی کیش ایوارڈ دیا جائے گا ۔سرکلر کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس ، پی ٹی سی ایل ، پاکستان ریلوے ، نادرا ، خود مختار اور نیم خود مختار اداروں ، بینکوں اور کارپوریشنوں اور جنہیں دفاعی لاگت سے ادائیگیاں کی جا رہی ہوں وہ ان وظائف کیلئے اہل نہیں ہوں گے ۔ان وظائف کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 31اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔