راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ سے ملاقات میں ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ طلبہ ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے 44طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل عاصم منیر نے ملاقات میں تعلیم، مثبت سوچ کی اہمیت اور سیکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی، اس دوران پاکستان کے مختلف امور، علاقائی امن، انسداد دہشت گردی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان کے وسیع پوٹینشل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفد کے شرکا ذاتی تجربات کی روشنی میں اپنی رائے قائم کریں۔جنرل عاصم منیر نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات سے متعلق بھی گفتگو کی، ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے تعمیری بات چیت کا موقع دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔