ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)جنوبی وزیرستان میں ہسپتال کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں کڑی کوٹ روڈ پر سٹی اسپتال کے قریب دھماکا ہوا ، جس میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ہسپتال ذرائع کی جانب سے ملنے والی ابتدائی اطلاعات میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اس میں طالبان کمانڈر عین اللہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا گیا، تاہم وہ محفوظ رہے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنوبی وزیرستان میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔