راولپنڈی(این این آئی)خود کو کنوارہ ظاہر کرکے دوسری شادی کرنے والا شخص ضمانت خارج ہوتے ہی عدالت سے فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق دوسری شادی کے لیے نکاح نامے میں پہلی شادی کو چھپا کر کنوارہ لکھوانے پر شوہر کے خلاف درج مقدمے کے معاملے میں ملزم ضمانت خارج ہوتے ہی احاطہ عدالت سے پولیس کو چکما دے کر فرار ہوگیا۔
عدالت نے ملزم واجد منصور کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی، جس کے بعد ملزم احاطہ عدالت سے پولیس کو چکما دے کر رفوچکر ہوگیا۔ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کے سیکشن465،420 ،495 کے تحت راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد وکلا کی جانب سے ضمانت اخراج کی استدعا کی گئی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی وسیم انجم نے ملزم (شوہر) کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔