اسلام آباد(این این آئی)نیب نے اراکین پارلیمنٹ اورسیاستدانوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا جس کے تحت انکوائری کی سطح پربھی رکن پارلیمنٹ کو گرفتارنہیں کیا جائے گا۔تفصیلا ت کے مطابق مذکورہ پیش رفت اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین نیب کی حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے جبکہ نیب نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ایس اوپیزکو قانونی شکل دینے کیلئے مدد مانگی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے نیب کے حوالے سے بتایاکہ صرف شکایات اورالزامات پررکن پارلیمنٹ کوگرفتارنہیں کیا جائے گا اور رکن پارلیمنٹ کیخلاف شکایت آنے پراسپیکرقومی اسمبلی اورچیئرمین سینیٹ کوآگاہ کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق نیب نے یقینی دہانی کرائی ہے کہ صرف الزامات پرکسی رکن پارلیمنٹ یا سیاستدان کوانتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائیگا اور اس حوالے سے نیب ایک جامع پالیسی بھی تیارکررہا ہے اور اس پالیسی پرچیئرمین سینیٹ اوراسپیکرسے مشاورت کی گئی۔