اسلام آباد/لاہور( این این آئی)گزشتہ سال بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے دلخراش واقعات کو آج ( جمعرات) 9مئی کو ایک سال مکمل ہو گیا ۔بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے رد عمل میں مشتعل کارکنان نے جناح ہائوس ،کور کمانڈر ہائوس لاہور سمیت ملک بھر میں متعدد سرکاری و نجی املاک کو نذر آتش کرنے سمیت بری طرح نقصان پہنچایا اور لوٹ مار بھی کی ،جی ایچ کیو سمیت فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر بھی حملے کئے گئے ، پولیس وینز ، ایمبولینسز اورنجی گاڑیوں کو نذر آتش اور نقصان پہنچایا گیا ۔
ملک بھر میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کے حملوں میں 145سے زائد افسران و اہلکاران شدید زخمی بھی ہوئے ۔ پولیس کی طرف سے ثبوت اکٹھے کرنے کے بعد ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے بعد مقدمات درج کر کے گرفتاریاں کی گئیں ۔ 9مئی کے واقعات کے الزام میں پی ٹی آئی کے متعدد سینئر رہنمائوں سمیت کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں سے بڑی تعداد میں ضمانتوں پر رہائی پا چکے ہیں جبکہ کچھ اب بھی اپنے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں ۔وفاقی حکومت نے سانحہ 9 مئی پر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی تقریب اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی۔اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں خصوصی تقریب ہوگی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے۔تقریب میں وفاقی کابینہ اور ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوں گے، شہدا ء کے اہل خانہ بھی شرکت کریں گے۔
د وسری جانب سانحہ 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے پر شہداء کے اہل خانہ نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیاروں نے اس قوم کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ہمیںان لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جنہوں نے ہمارے شہدا ء کی یادگاروں کو جلایا، اگرپاک فوج ہماری حفاظت نہ کرے توکیا ہم ایسے آزاد گھوم سکتے ہیں، ہماری فیملیوںسے پوچھیں کہ ہمارے دل پر کیا گزر رہی ہے،اللہ تعالی نے ہمارے پیاروں کو شہید جیسے بڑے عہدے سے نوازا ہے ہمیں ان پر فخر ہے ۔9 مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا،9 مئی کو شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جس سے شہدا ء کے لواحقین کے جذبات مجروح ہوئے،ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیںکہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے اور ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے،۔
شہدا ء ہمارا فخر ہیں اور جوقومیں اپنے شہدا کی عزت نہیں کرتیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی 9مئی 2023ء کی مناسبت سے آج ( جمعرات) کو ملک بھر پر امن احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سینئر عہدیدار عمر ایوب کے مطابق 9 مئی کو پورے پاکستان میں پرامن اور بھرپور احتجاج کریں گے، اس مناسبت سے ریلیاں نکالی جائیں گی ، بانی پی ٹی آئی کی تصویر والے کتبے لہرائے جائیں گے ۔پولیس کی جانب سے آج 9مئی کے روز کسی بھی نا خوشگوارواقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔