ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے حال ہی میں حج ویزوں کے اجرا کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ویزہ کے تحت صرف جدہ، مدینہ اور مکہ مکرمہ کے شہروں کے سفر کی اجازت ہوگی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بتایاکہ یہ ویزا خصوصی طور پر 2024 میں مناسک حج میں شرکت کرنے والے عازمین کے داخلے کے اجازت نامے کے طور پر کام کرے گا۔وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ حج ویزا کام، رہائش یا نامزد شہروں سے باہر سفر کے لیے نہیں ہے۔
اس طرح کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے نتیجے میں مستقبل میں حج میں عدم شرکت اور ملک بدری کی سزا ہوگی۔حج ویزا صرف حج کی مدت کے لیے فعال ہیں جبکہ حاملین کو اس مدت کے دوران عمرہ کرنے یا کسی بھی قسم کی ملازمت اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت نے وزارت خارجہ کے ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک رجسٹریشن متعارف کرائی ہے۔