لاہور( این این آئی)پاکستان نے غیر ملکی سپلائرز کو پاکستان میں کاروبار کی پر کشش پیشکش کرنے کی تیاری مکمل کرلی ۔ایف بی آر نے کسٹمز رولز 2001 میں مزید ترامیم کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے جس میں پاکستان میں غیر ملکی سپلائرز کو کاروبار کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔نئی ترامیم میں انہیں ذیلی کمپنی بنانے کا اختیار حاصل ہو گا اس کے علاوہ وہ خام تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے یا برآمد کرنے کیلئے بااختیار ہوں گے ۔
ایف بی آر کے مطابق فارن سپلائرز کو درآمد کیا گیا مال کسٹمز سٹوریج فیسلیٹی میں رکھنے کی سہولت دی جائے گی جبکہ وہ پاکستان میں کسی بھی مقام پر ویئر ہاوس استعمال کر سکیں گے تاہم انہیں ویئر ہاس رینٹ، پورٹ اوردیگر سروس چارجز فارن کرنسی یعنی ڈالرز میں بینکنگ چینلز کے ذریعے ادا کرناہوں گے۔ فارن سپلائرز یا سبسڈری کو سٹیٹ بینک اور کسٹمز کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا تاہم انہیں پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرکے بیرون ملک ایکسپورٹ کی بھی اجازت ہوگی۔