اسلام آباد (این این آئی)2008ء میں اسلام آباد سے 13 سال کی عمر میں اغواء ہونے والی آزاد کشمیر کی آسیہ بی بی کو 16 سال بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بازیاب کرا لیا گیا۔اغواء کار نے آسیہ کو معمر شخص کو فروخت کر دیا تھا جس نے اس سے شادی کر لی تھی۔
آسیہ نے اپنی بازیابی کیلئے ویڈیو وائرل کی تھی جس میں اس نے اپنے اوپر ڈھائے جانے والا ظلم بیان کرتے ہوئے والدین کے پاس پہنچانے کی اپیل کی تھی۔ویڈیو دیکھ کر ورثاء نے تھانہ چک شہزاد اسلام آباد سے رابطہ کیا تھا۔پولیس ترجمان کے مطابق آسیہ بی بی کو ٹوبہ سنگھ میں معمر شخص کے گھر سے برآمد کر لیا گیا۔آسیہ بی بی کو 2008ء میں جھنگ کے رہائشی مصطفی نامی اغواء کار نے اسلام آباد کے تھانہ چک شہزاد کے علاقے سے اغواء کیا تھا اور شادی کے لیے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے روتی میں ایک معمر شخص کو فروخت کردیا تھا۔
بازیاب آسیہ کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے چکوٹھی سے ہے، جسے دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق بازیاب آسیہ کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔