راولپنڈی (این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے کہ میرے امریکی ایجنٹ ہونے بارے باتیں پھیلائی جا رہی ہیں،شب معراج کے دن میرے کھانے میں ہارپک کے 3 قطرے ملائے گئے ،آنکھوں میں سوجن، سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے،جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھ کر ‘بندہ بندے تو کھاجاندا اے’کی کہاوت سمجھ میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا کہ میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، شب معراج کے روز میرے کھانے میں ہارپک کے تین قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتا چلا کہ ہارپک سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے انکھوں میں سوجن ہو جاتی ہے سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے، پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا اب کھانے میں بھی ہارپک ملایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتائوںگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے، پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھی اب کچھ دیر کے لئے کھول دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بندہ بندے نو کھا جاندااے کی پنجابی کہاوت جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھ کرسمجھ آئی ہے۔