پشاور (این این آئی)خیبر پختون خوا کی کابینہ نے صوبے میں مستحق افراد کو عید پیکیج دینے کی منظوری دے دی۔پشاور میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔کابینہ کے اجلاس میں ضم اضلاع میں پولیس کو گاڑیوں اور جدید آلات کی فراہمی کے لیے اسکیم کی منظوری دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ 7.67 ارب روپے کی لاگت سے پولیس کے لیے گاڑیاں اور جدید آلات خریدے جائیں گے۔حکام کے مطابق ہر حلقے میں 1 ہزار مستحق افراد کو 10، 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔سرکاری حکام نے بتایا کہ صوبے میں رمضان پیکیج پر 1.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔کابینہ کے اجلاس میں 2050 پولیس کے شہدا کے خاندانوں کو بھی 10، 10 ہزار روپے عید پیکیج دینے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے اسکریننگ ٹیسٹ لینے کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی۔حکام کے مطابق یہ کمیٹی 15 دن میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔