نوابشاہ /اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری نواب شاہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 سے بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کے مقابلے میں11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے تھے۔
صدر آصف زرداری نے صدر مملکت منتخب ہونے پر نشست چھوڑی تھی، آصف علی زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ریٹرننگ آفیسر شیر علی جمالی نے کہا کہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، پی ٹی آئی آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی۔سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔