اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت توانائی کو ایک سے 3 ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ، ایک ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فارنزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور تین ماہ میں گیس انفرا اسٹرکچر،گیس چوری اورناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا اور گیس کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مانیٹرنگ کیلئے فوری طور پر بین الوزارتی کمیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ماہ میں سرپلس بجلی کوکھپانے کیلئے نئے انڈسٹریل زون تیارکرنیکا پلان پیش کرنے، دو ہفتوں میں پاور اور پیٹرولیم ڈویژن کو گردشی قرضے کا حل تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) گیس 155 فیصد مزید مہنگی کرنے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 4 ہزار 489 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطاً 155 فیصد تک مزید اضافہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔