اسلام آباد(ین این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اثاثے ظاہر نہ کرنے کے معاملے پر 26مارچ کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو 2020 کے اثاثوں کی تفصیلات کے معاملے پر نوٹس جاری کیا ہے۔علی امین گنڈاپور کو نوٹس جمعیت علما اسلام (ف)کے محمد کفیل کی درخواست پر جاری ہوا،جو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے توسط سے سابق وفاقی وزیر کو جاری کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق 2020کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے گاڑی حاصل کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے نام تحصیل کلاچی میں 735کنال اراضی عارضی منتقل کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے 2رکنی بینچ نے علی امین گنڈاپور سے متعلق مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق علی امین گنڈاپور کو منتقل زمین کے اصل مالک آصف خان تھے۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق علی امین گنڈاپور نے گاڑی اسی زمین کو بیچ کر حاصل کی تھی۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق غلط بیانی پر علی امین گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست کے اہل نہیں۔