لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ مریم نواز کی تاج پوشی کے لیے 9مئی کا بیانیہ تیار کیا گیا، 8 فروری کو یہ بیانیہ دفن ہو گیا، اداروں پر حملے، ججز پر بیان بازی، ذاتی زندگیوں پر حملے کی اجازت صرف مریم نواز کو ہے۔انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارنگراں حکومت میں اتنی خواتین اور سیاسی قیدیوں کو جیل میں رکھا گیا۔
خواتین کو بولنے اور اپنے حق کے لیے نکلنے اور سیاست میں آنے کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی لوگوں کی عزتیں اچھالتے رہے اور چادر چار دیواری کی دھجیاں اڑاتے رہے، محسن نقوی نے حکمرانوں کے ساتھ وفاداری کی ہر حد پار کی، اس کام پر اب انہیں نئے عہدوں سے نوازا جارہا ہے۔ خواتین کو بولنے، اپنے حق کے لئے نکلنے اور سیاست میں آنے کی سزا دی جارہی ہے۔