کراچی(این این آئی)حکومت سندھ نے رمضان المبارک میں دفاتر میں اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مطابق صوبائی حکومت کے وہ تمام آفسز جو ہفتے میں پانچ روز کی بنیاد پر کام کرتے ہیں وہ پیر سے جمعرات تک صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک دفتری ٹائم ہوگا۔
اسی طرح 6 روز کھلنے والے دفاتر میں رمضان المبارک کے دوران جو اوقات کار نافذ العمل ہوگا اس کے تحت پیر سے جمعرات اور ہفتہ صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے جبکہ جمعہ کے دن صبح 10 سے ایک بجے تک دفاتر میں کام ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ یہ دفتری اوقات کار سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار و نیم خود مختار اداروں، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز پر نافذ العمل ہوگا۔