کراچی(این این آئی) محکمہ موسمیات نے 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، جس سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کے حالیہ سسٹم کے اثرات سے کراچی میں ہوائوں کی رفتار تیز ہوگی، تندوتیز ہوائوں کے سبب درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جبکہ دن کے بیشتر اوقات میں ہواں کی رفتار 40 کلومیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موجودہ سردی کی لہر آج(بدھ)تک برقرار رہ سکتی ہے، منگل کی علی الصبح کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق9مارچ کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا ، 9 مارچ والا مغربی سسٹم کراچی سمیت دیہی سندھ تک بھی پھیل سکتاہے۔اس سسٹم کے باعث 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔