لاہور (این این آئی)لاہور میں کوڑا ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے سفارشات پنجاب حکومت کو پیش کردی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی نے لاہور میں ہر گھر سے کوڑا ٹیکس وصولی کی سفارشات وزارت خزانہ پنجاب پیش کردیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں کوڑا اٹھانے کیلئے فی گھر سے ماہانہ 250روپے سے 2000روپے تک ٹیرف عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو پیش کی گئی سفارشات میں کمرشل کیلئے 500سے 10ہزار روپے تک ماہانہ ٹیرف عائد کی تجویز دی گئی ہے۔وزارت خزانہ نے تجویز وزیراعلی پنجاب کو بھجوا دی، وزیراعلی کی منظوری کے بعد ٹیکس لاگو ہوگا۔ذرائع کے مطابق لاہور میں کوڑا ٹیرف عائد کرنے سے 12ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوسکتا ہے،ریونیو سے حکومتی خزانے پر ایل ڈبلیو ایم سی کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا، ایل ڈبلیو ایم سی کے سالانہ اخراجات 20ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔