پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کم از کم اجرت بڑھا کر 25,000روپے ماہانہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ صوبے کے مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ محکمہ خزانہ کے عہدیدار نے بدھ کو اے پی پی کو بتایا کہ صوبے کے مراعات یافتہ اور کم آمدنی والے طبقے کے مزدوروں کی سہولت کیلئے بجٹ 23 ، 2022میں کم از کم اجرت 25,000 روپے ماہانہ کرنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال مزدوروں کی کم از کم اجرت 21,000 روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس سلسلے میں 17 مئی تک اپنا ایکشن پلان اور حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک اعلی سطحی اجلاس 17 مئی کو بلایا گیا تھا جس میں پاکستان ورکرز ویلفیئر فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین اور بورڈ کے ممبر عاصم عادل، ڈپٹی ڈائریکٹر کم از کم اجرت عبدالحفیظ اور ڈائریکٹر فارماسیوٹیکل لمیٹڈ اور بورڈ کے ممبر محمد یوسف نے شرکت کی۔