لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یوم مئی پر محنت کشوں کو ریلیف دینے کیلئے بڑااقدام اٹھاتے ہوئے ورکرز کی کم از کم اجرت20ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محنت کش کی فلاح وبہبود سب سے زیادہ مقدم ہے اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ورکرز کی کم از کم
اجرت20ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے 3برس میں ورکرز کی کم از کم اجرت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے اور ہماری حکومت ورکرز کی کم از کم اجرت میںآئندہ بھی اضافہ کرے گی جبکہ سابق دور میں ورکرز کی فلاح وبہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ماضی کی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دینے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا۔سابق حکمرانوں نے5 سالہ دور میںورکرز کی کم از کم اجرت میں صرف 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فرسودہ نظام ختم کر کے آن لائن لیبر انسپکشن کا نفاذکیاگیا ہے۔ سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن کی شفاف اورباسہولت ادائیگی کیلئے ’’سیلف اسسمنٹ سکیم‘‘ کا اجراء کیاگیاہے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عوام کیلئے مفت ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ سوشل سکیورٹی انسپکشن20فیصد تک محدودکی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ورکرز کیلئے میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر2 لاکھ روپے جبکہ ڈیتھ گرانٹ 5 لاکھ سے بڑھا کر6 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ محنت کشوں کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کا آن لائن اورشفاف نظام متعارف کرایاگیاہے۔ آن لائن انسپکشن سسٹم کے تحت سوشل سیکورٹی اور ٹیلنٹ سکالر شپ درخواستیں گھر بیٹھے
دائر کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، ننکانہ صاحب اور ملتان کی لیبر کالونیوں میں محنت کشوں کوفلیٹس الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ لیبر ہاؤسنگ کالونی ملتان میں 992 فلیٹس کی شفاف الاٹمنٹ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ کے تحت ہزاروں بچوں کیلئے مفت تعلیم کے علاوہ سوا 7 ارب روپے کے ٹیلنٹ سکالر شپ، میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ ہماری حکومت کی مزدور دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تحریک انصاف
کی حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے مزید تاریخ ساز اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار وزیراعلیٰ آفس میں محنت کشوں کو ریلیف دینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری محنت نے ورکرز کی فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری محنت،سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔